یلاپور:05؍دسمبر(ایس اؤ نیوز)ریاست کرناٹکا میں5دسمبر 2019بروز جمعرات کو منعقد ہوئے ضمنی انتخابات میں اترکنڑا ضلع کے یلاپور ودھان سبھا حلقہ میں شام 6بجے تک کل 77.52فی صد ووٹنگ ہوئی ہے۔
حلقہ میں صبح 6بجے سے شام 6بجے تک رائے دہندگان نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق یلاپور حلقہ میں آج کل 133564رائےد ہندگان نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ جن میں 68182مرد اور 65381خواتین سمیت ایک دیگر ووٹر شامل تھے۔ خیال رہے کہ حلقہ میں کل 172287رائے دہندگان ہیں جن میں 87779مرد اور 84507خواتین ووٹر اور دیگر ایک ووٹر ہے۔
یلاپور ودھان سبھا حلقہ کے یلاپور میں 96،منڈگوڈ میں 88اور سرسی تعلقہ کے بنواسی میں 47سمیت کل 231ووٹنگ بوتھ ہیں۔ بی جے پی کی طرف سے نااہل قرار دئیے رکن اسمبلی شیورام ہیبار، کانگریس سے بھیمنانائک اور جے ڈی ایس کی طرف سے اے چئیترا سمیت کل 7امیدوار میدان میں تھے۔ دیگر امیدواروں میں زیتون بی جگلورو(کرناٹکا راشٹر سمیتی )، سنیل پوار(اتم پرجاکیہ پارٹی)، چدانند ہریجن، مہیش ہیگڈے بطور آزاد امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ 9دسمبر کو رائے شماری ہوگی۔